پرنسپل نائلہ سموں نے رشوت کابازار گرم کررکھا ہے ،گسٹا

113

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) گورنمنٹ سیکنڈری ٹیچرز ایسوسی ایشن (گسٹا)حیدرآباد تعلقہ لطیف آبادکے تحت گورنمنٹ کمپری ہینسو گرلز ہائی اسکول لطیف آباد نمبر5،میں پرنسپل نائلہ سموں کی جانب سے معلمات سے سالانہ انکریمنٹ پرمبینہ 500 روپے فی معلمہ رشوت وصول کئے جانے کے خلاف جاری احتجاجی تحریک کے دوسرے روز حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا گیا ،دھرنے میں خواتین اساتذہ بھی بڑی تعداد میں شریک تھیں ۔اس موقع پر گسٹا حیدرآباد ڈویژن کے صدر محمود احمد چوہان، ضلع حیدرآباد کے صدر عبد القیوم شیخ، ضمیر خان ،اعجاز کیانی ،فیصل ناغڑ،طلعت بیگم اور آپا صابرہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ کمپری ہینسیو گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول لطیف آباد نمبر5 کی پرنسپل نائلہ سموں کی جانب سے اساتذہ سے زبردستی رشوت لیے جانے کے عمل کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کریں گے، پرنسپل نائلہ سموں نے رشوت کا بازار گرم کیا ہوا ہے ہر ایک اساتذہ سے سروس بک میں انٹری کرنے کی مد میں 500روپے وصول کیے جا رہے ہیں جو کہ اساتذہ کے ساتھ ناانصافی ہے، پرنسپل نائلہ سموں کی برطرفی تک احتجاجی تحریک جاری رکھے گی ۔گسٹا عہدیداران نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ کرپٹ رشوت خور پرنسپل خلاف کارروائی کر کے فوری طور پر بر طرف کیا جائے۔ دوسری صورت میں احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔