رمضان شوگر مل مقدمے کا 12صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری

116

لاہور(نمائندہ جسارت) اینٹی کرپشن عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کے خلاف قائم رمضان شوگر مل مقدے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا، فیصلے میں دونوں بری کردیا گیا ہے۔اینٹی کرپشن عدالت کے جج سرداد محمد اقبال ڈوگر نے رمضان شوگر مل میں وزیر اعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت کا 12صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا، جس میں کہا کہ اس کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو سزا کا امکان نہیں ہے۔فیصلے میں کہا گیا
ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت کی درخواستیں منظور کی جاتی ہیں، مقدمے کے دیگر گواہوں کو ثبوت کی عدم دستیابی کے باوجود سننا بے سود ہو گا۔اینٹی کرپشن عدالت کے جج نے فیصلہ دیا کہ مدعی مقدمے کے مطابق اس نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کو کوئی درخواست نہیں دی۔جج نے کہا کہ نالے کی تعمیر کیلیے تمام قانونی ضابطے پورے کیے گئے تھے، اینٹی کرپشن رمضان شوگر مل نالے کی تعمیر میں بیضابطگی ثابت کرنے میں ناکام رہے اور شہباز شریف کی جانب سے نالے کی تعمیر کے لیے احکامات اس وقت کے ایم پی اے کی درخواست پر جاری کیا گیا تھا۔تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ شہباز شریف کبھی رمضان شوگر مل کے ڈائریکٹر نہیں رہے، نالے کی تعمیر کے وقت حمزہ شہباز کی رمضان شوگر مل کے سی ای او نہیں تھے، کسی گواہ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف ایک لفظ کی گواہی بھی نہیں دی ہے۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو رمضان شوگر مل کرپشن کیس سے بری کیا جاتا ہے۔