لاہور (نمائندہ جسارت ) ڈپٹی سیکرٹری حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان اور ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید نے پریس کلب لاہور کا دورہ کیا۔ انہوں نے لاہور پریس کلب کے نو منتخب صدر ارشد انصاری اور نائب صدر صائمہ نواز کو پریس کلب کے الیکشن میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دی، اس موقع پر نو منتخب نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری ثمینہ سعید نے کہا کہ پرنٹ میڈیا کی آزادی اور غیر جانبداری ہی انصاف کی فتح ہے، امید کرتے ہیں کہ پریس کلب کی نو
منتخب قیادت ظلم و زیادتی اور معاشرتی ناہمواریوں کے خلاف مؤثر آواز بنے گی۔ بعد ازاں ثمینہ سعید نے پریس کلب کی جانب سے پیکا ایکٹ کے خلاف جاری احتجاجی کیمپ میں بھی شرکت کی ۔اس موقع پر اسسٹنٹ سیکرٹری اطلاعات، مرکزی شعبہ نشرواشاعت شہناز عاصمہ ، سیکرٹری اطلاعات وسطی پنجاب صفیہ ناصر اور اسسٹنٹ نشرواشاعت وسطی پنجاب شازیہ محمود بھی ان کے ہمراہ تھیں۔