لاہو ر(نمائندہ جسارت)سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے منصورہ میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کھلم کھلا پاکستان کی خود مختاری پر مسلط ہو رہا ہے ، آئی ایم ایف وفد کی عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس سے ملاقات ذہنی غلامی کی عکاس ہے، پہلے ہی اسٹیٹ بینک آئی ایم ایف کے پاس گروی ہے اور باقی رہی سہی آزادی و خودمختاری بھی سلب کی جا رہی ہے، غلام ذہنیت حکمران کبھی بھی
ملک کو بحران سے نہیں نکال سکتے۔سراج الحق نے کہا کہ وفاقی وزیر قانون کا آئی ایم وفد کی چیف جسٹس سے ملاقات کو نارمل بات کہنا باعث تشویش ہے، کل کلاں آئی ایم ایف یہ مطالبہ کر دے کہ پاکستان اپنے جوہری ہتھیار ان کے حوالے کر دے پھر یہ حکمران اس کو بھی نارمل مطالبہ کہیں گے؟ انھوںنے کہا کہ کہ آئی ایم ایف کا پاکستان کے قومی اداروں کے متعلق ڈکٹیشن اور اندرونی معاملات میں مداخلت سے موجودہ حکومت اور حکمرانوں کی کیا حیثیت رہ گئی ہے، پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔