کراچی( کامرس رپورٹر) صدرپاکستان بزنس فورم(کراچی چیپٹر)،بانی وائس چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اورکنوینراسٹینڈنگ کمیٹی برائے انرجی ، ایف پی سی سی آئی ملک خدا بخش نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کے صدر کے اس دورے سے نہ صرف پاکستان اور ترکیہ کے مابین تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات مزید مضبوط ہونگے بلکہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی اے) کو مؤثر بنانے کی جانب بھی پیش قدمی ہوگی۔ملک خدا بخش نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں پاکستان اور اسلامی ممالک کے درمیان تجارت وسرمایہ کاری بڑھ رہی ہے بلکہ امریکا،برطانیہ اور یورپ سمیت افریقی ممالک کے مابین بھی پاکستان کے تجارتی رشتے مضبوط ہورہے ہیں۔انہوں نے پاکستان اورترکیہ کے درمیان 21 معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، دفاع سمیت مختلف شعبہ جات میں تعاون کو مزید وسعت ملے گی۔ملک خدا بخش نے کہا کہ نے کہا کہ پاکستان کے عوام کیلئے ترکیہ اور ترکیہ کے عوام کیلئے پاکستان ان کا دوسرا گھر ہیں اور پاکستان اورترکیہ کے عوام ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جارہی ہے اور یہ بات خوش آئندہ ہے کہ ترکیہ کی کمپنیاں پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں،پاکستان میں اس وقت چائنا کی کمپنی ملک گروپ کے تعاون سے پاکستان میں3ہزار الیکٹرک چارجنگ وہیکل اسٹیشنز کیلئے350ملین ڈالرز کی بیرونی سرمایہ کاری کررہی ہے اور ترکیہ کے سرمایہ کاروں کیلئے بھی یہ اہم موقع ہے کہ وہ اس شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ صدر اردوان اور وزیراعظم شہباز شریف کے قریبی تعلقات سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو فروغ ملاہے اور قوی امکان ہے کہ دونوں سربراہان کے درمیان موثر رابطوں سے ڈی-8 ترجیحی تجارتی معاہدے کی بحالی ممکن ہوسکے گی۔ملک خدا بخش نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون میں اضافے، ترکیہ اور پاکستان مشترکہ پیداوار اور ٹیکنالوجی کے تبادلے پر اتفاق بھی کامیابی ہے اور مستقبل میں اس کے مفید نتائج برآمد ہونگے۔