ایف پی سی سی آئی کی 2025 کے انتخابات کروانے کے فیصلے کی مخالفت

104

کراچی ( کامرس رپورٹر) صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے آگاہ کیا ہے کہ پاکستان بھر کے چیمبرز، ایسوسی ایشنز اور ٹریڈ باڈیز کے ساتھ وسیع البنیاد مشاورتی عمل کے بعد ایف پی سی سی آئی نے اصولی طور پر حکومت کے اس فیصلے کی مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا ہے کہ جس میں سال 2025 میں ٹریڈ باڈیز کے انتخابات کے انعقاد کا کہا گیا ہے۔لیکن 2024 میں ہونے والے ٹریڈ باڈیز کے منتخب عہدیداروں کا مینڈیٹ 2 سال کے لیے ہے؛ یعنی کہ اکتوبر 2024 سے ستمبر 2026 تک کے لیے ہے۔صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے نوٹ کیا کہ اگر اس فیصلے پر عمل درآمد ہوتا ہے اور سال 2025 میں ٹریڈ باڈیز کے انتخابات ہوتے ہیں تو 2 سال کے لیے منتخب ہونے والی تجارتی تنظیموں کی مدت غیر منصفانہ طور پر کم ہو کر 1 سال رہ جائے گی ؛ جو کہ کاروباری، صنعتی اورتاجر برادری کے ووٹرز کی مرضی ومنشاء کے خلاف ہو گا۔ صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے مزید کہا کہ اتنے کم عرصے ہی میں نئے انتخابات کرانے کا فیصلہ تجارتی تنظیموں کے اندر موثر گورننس اور پالیسی وکالت کے اقدامات کے لیے درکار ضروری استحکام اور تسلسل کو نقصان پہنچائے گا۔صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے وضاحت کی کہ ٹریڈ باڈیز کے آرڈیننس کے مطابق حالیہ انتخابات شفاف طریقے سے کرائے گئے تھے اور قائم شدہ قانونی طریقہ کار پورا کیاگیا تھا۔