کراچی(کامرس رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر ،صدر زبیر طفیل،چیئرمین (سندھ) خالد تواب،سیکریٹری جنرل(سندھ) حنیف گوہر،سابق سینئرنائب صڈر ایف پی سی سی آئی سید مظہر علی ناصر اور دیگررہنمائوں نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کو پاکستان آمد پر بھرپور خوش آمدید کہتے ہوئے ترک صدر کا پرتپاک خیرمقدم کیا ہے۔یو بی جی رہنماؤں نے توقعات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے پاکستان اور ترکی کے درمیان دو طرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ ملے گا، جو دونوں ممالک کے صدیوں پرانے برادرانہ تعلقات کی بنیاد پر استوار ہوگا۔ یہ تاریخی رشتہ محبت، بھائی چارے اور غیر متزلزل اعتماد کی ایک روشن مثال ہے، جہاں دونوں قومیں کامیابی اور مشکلات کے اوقات میں ایک ساتھ کھڑی رہی ہیں۔پاکستان اور ترکی دونوں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)، ڈی-8 اور اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے فعال اراکین کے طور پر مسلم کمیونٹی کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے مشترکہ آواز رکھتے ہیں۔ پاکستان کی کاروباری برادری صدر اردوان اور ان کے وفد کا دل کی گہرائیوں سے استقبال کرتی ہے اور امید کرتی ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان خوشحالی، استحکام، ترقی اور مضبوط تعلقات کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔