
لاہو ر(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ غلام ذہنیت حکومت نے آئی ایم ایف کو عدالتوں اور اداروں تک بھی رسائی دے دی، عالمی مالیاتی ادارے کے وفد کی چیف جسٹس سے ملاقات قومی وقار اور آزادی کے منافی ہے۔ چچا بھتیجی اشتہار دے کر مہنگائی کم کرنے میں مصروف ہیں، زمینی حقائق قطعی مختلف، رمضان کی آمد سے قبل اشیا
خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ جاری، پیٹرول، بجلی اور گیس کے نرخ بھی بڑھ رہے ہیں۔ ترکیہ کے صدر طیب اردوان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، امید ہے دونوں ممالک غزہ میں امن کے لیے جاندار کردار ادا کریں گے، غزہ پر اسلامی اور فلسطین کے حامی ممالک کی سربراہی کانفرنس بلائی جائے، ٹرمپ کا غزہ خالی کرانے کا بیان غیرسنجیدگی اور قبضہ گیروں کی طرح جاری کررہے، عالمی برادری نے اس ناپاک منصوبوں کو مسترد کردیا، امریکا اور اسرائیل مل کر غزہ جنگ کا تاوان دیں۔ کراچی پر کرپٹ، نااہل اور قبضہ مافیا مسلط ہے، فارم 47 سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کی سیٹوں اور اس سے قبل میئر کی سیٹ پر قبضہ کرایا گیا، اسٹیبلشمنٹ نے نااہل لوگوں کو مسلط کیا۔ مرضی کی عدلیہ اور پارلیمنٹ بنانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، خیبر پختونخوا اور بلوچستان بدامنی کی آگ میں جل رہے ہیں، لوگوں کو اٹھالیا جاتا ہے، لاپتا افراد کا مسئلہ حل نہیں ہورہا، ملک کو بحرانی صورتحال سے نکالنا ہے تو آئین و قانون کی بالاستی قائم کرنا ہوگی۔ سول و ملٹری بیوروکریسی کی ریٹائرمنٹ کے بعد 10 سال تک ملک چھوڑنے اور دہری شہریت حاصل کرنے پر پابندی لگائی جائے، حکومت بجلی کی قیمتیں کم کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور ڈائریکٹر ڈیجیٹل میڈیا سلمان شیخ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمرانوں نے اپنے مفاد کی خاطر عدلیہ کو درہم برہم کردیا، نتیجہ ججز کی تقسیم کی صورت میں نکلا، جب اعلیٰ عدالتوں کے ججز ہی تقسیم ہوجائیں گے تو عوام کو کیا انصاف ملے گا؟ ن لیگ، پی پی، ایم کیو ایم بلکہ پوری پی ڈی ایم کی حکومت قائم ہے، یہ وہی لوگ ہیں جو رجیم کو بدلنے میں شریک تھے، اسلام آباد میں قبائل امن جرگہ کیا، شرکا نے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں سیکورٹی صورتحال کس قدر تشویشناک ہے، عوام مہنگائی کی آگ میں بھی جل رہے ہیں، مہنگائی سے متعلق حکومت کے اعدادوشمار جھوٹ اور دھوکا دہی پر مبنی ہیں، بجلی کی قیمتوں کو اصل لاگت کے مطابق کیا جائے، ٹیکسز ختم کیے جائیں، اراکین اسمبلی نے اپنی تنخواہوں اور مراعات میں 3 سو فیصد اضافہ کرلیا، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، آئی ایم ایف کے حکم پر گندم کی امدادی قیمت کا اعلان بھی نہیں کیا گیا، گزشتہ برس بھی پنجاب حکومت نے کسانوں کو دھوکا دیا، صورتحال سے واضح ہے کہ ملک میں گندم کا بحران آئے گا، گندم اور آٹے پر سبسڈی فوڈ سیکورٹی کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹس کے مطابق 25 ہزار لوگ ملک چھوڑنے اور سرمایہ باہر منتقل کرنے جارہے ہیں۔امیر جماعت نے کہا کہ کراچی کو ایم کیو ایم اور پی پی نے تباہ کردیا، پی پی گزشتہ 17 برس سے سندھ پر قابض ہے، کراچی کے مقامی افراد کو پولیس اود دیگر محکموں میں ملازمتیں نہیں مل رہیں، آواز بلند کرتے ہیں تو لسانی روپ دے دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈمپرز اور ٹرالر سے کراچی میں 104افراد کی جان چلی گئی، ساڑھے3 ہزار ڈمپر کو دن کے وقت بھی شہر میں کچرہ اٹھانے کی اجازت دے دی گئی، پورے شہر کا نظام درہم برہم ہے، کراچی پر جعلی مینڈیٹ سے بلدیات اور اسمبلیوں کی سیٹوں پر لوگوں کو مسلط کیا گیا۔