صوابی: درزی نے 4 بچوں کو ذبح کرکے خودکشی کرلی

133

صوابی (صباح نیوز) ضلع صوابی کے علاقے یار حسین میں بیوی کی ناراضی سے دلبرداشتہ شخص سیف اسلام نے 4 بچوں کو تیز دھار آلے کی مدد سے ذبح کرکے خودکشی کرلی، جاں بحق بچوں میں 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔ یار حسین تھانے کے ایس ایچ او عبدالولی نے بتایا کہ اس غیر انسانی حرکت میں ملوث شخص پیشے کے لحاظ سے درزی تھا جس کی بیوی ناراض ہوکر میکے گئی ہوئی تھی۔ ایس ایچ او کے مطابق جرگے کے ایک رکن اول شیر خان نے بتایا کہ بیوی کی ناراضی واقعے کی وجہ بنی ہے جو شوہر اور بچوں کو چھوڑ کر چلی گئی تھی اور کئی جرگہ ممبران کی درخواستوں کے باوجود گھر
واپس آنے کے لیے تیار نہیں تھی، متوفی نے 2 روز قبل صلح کی تمام تر کوششیں ناکام ہونے کے بعد اپنی 2 سالہ بیٹی کو اپنے رشتہ دار کے ذریعے بیوی کے پاس بھجوایا تھا لیکن بیوی نے بچی کو واپس بھجوادیا جس کے نتیجے میں مایوسی کے باعث اس نے انتہائی قدم اٹھایا۔