کراچی میں ہیوی ٹریفک پر دفعہ 144 نافذ، مخصوص اوقات میں ٹریفک چلانے کی اجازت

131

کراچی: شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل اور حادثات کے باعث کمشنر کراچی کی جانب سے ہیوی ٹریفک پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ  نئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ  کراچی میں ہیوی ٹریفک کے اوقات کار رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک ہوں گے، اس اقدام کا مقصد ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانا اور شہر میں ٹریفک کی بھیڑ بھاڑ کو کم کرنا ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا کہ اس نئی پابندی کے تحت تین مختلف روٹس پر دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کو چلنے کی اجازت ہوگی جبکہ باقی علاقوں میں صرف رات کے اوقات میں ٹریفک کی اجازت دی جائے گی۔

دوسری جانب کراچی میں ہیوی ٹریفک کی وجہ سے ایک اور حادثہ پیش آیا، جس میں ملیر میمن گوٹھ کے علاقے میں قاتل ڈمپر نے ایک موٹرسائیکل سوار کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں ایک اور جان ضائع ہو گئی۔ اس کے علاوہ مائی کلاچی پھاٹک کے قریب مال گاڑی اور آئل ٹینکر کے درمیان تصادم بھی ہوا۔ رواں سال کے ابتدائی پینتالیس دنوں میں کراچی میں ٹریفک حادثات کے باعث 107 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔