پاکستان اور ترکیہ کے درمیان 24 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

116

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان 24 معاہدوں اور مفاہمت کی یاد داشتیں ( ایم او یز) پر دستخط کردیے گئے جن کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، دفاع سمیت مختلف شعبہ جات میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی، تقریب میں تجارتی حجم بڑھا کر 5 ارب ڈالر کی سطح پر لانے پر اتفاق ہوا ہے۔

 وزیراعظم ہاؤس میں تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، دونوں ممالک کے تجارت، دفاع اور دیگر شعبہ جات کے وفاقی وزرا و اعلیٰ حکام نے شرکت کی، تقریب میں دونوں ممالک نے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اعلامیہ پر دستخط کیے۔

اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امید ہے ترک صدر رجب طیب اردوان کا دورۂ پاکستان بہت مفید ثابت ہو گا، پاکستان آپ کا دوسرا گھر ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات ہیں، ترکیہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا، دونوں قومیں یکساں تاریخی، مذہبی اور ثقافتی اقدار کی حامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترک صدر نے سیلاب کے دوران پاکستانی عوام کے دل جیت لیے، آج کے دورے کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات نئی بلندیوں کی جانب جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ رجب طیب اردوان اسلامی دنیا کے انتہائی اہم رہنما ہیں، مسئلہ کشمیر پر ترکی نے ہمیشہ پاکستان کے موقف کی حمایت کی، پاکستان قبرص کے معاملے پر ہمیشہ ترکیہ کے مؤقف کی حمایت کرتا رہے گا۔

دونوں ممالک کے درمیان سماجی و ثقافتی بنیادوں پر ملٹری، سول پرسنیلز کے تبادلے کی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔

 ائیر فورس الیکٹرانک وارفیئر اور انرجی ٹرانزیشن کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔

اس سے قبل ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان وزیراعظم ہاؤس پہنچے تھے جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے مہمان خصوصی کو وفاقی کابینہ کے اراکین سے تعارف کرایا جس کے بعد ترک صدر نے اپنے وفد کے ارکان سے وزیراعظم کی ملاقات بھی کروائی تھی۔

اس موقع پر ترک صدر اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی بھی ملاقات ہوئی تھی جبکہ مہمان صدر نے وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں اپنے ہاتھوں سے پودا بھی لگایا تھا۔ 

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر ترک صدر رجب طیب اِردوان گزشتہ روز رات دیر گئے  2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے جہاں صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا شاندار استقبال کیا۔