بشریٰ بی بی اب عمران خان کےساتھ ہی جیل سے باہر نکلیں گی، مشال یوسفزئی

123

اسلام آباد:بانی تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان کی اہلیہ کی ترجمان  مشال یوسفزئی نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی عمران خان کی رہائی کے بغیر جیل سے باہر نہیں نکلیں گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ  کی ترجمان مشال یوسفزئی نے کہا کہ بشریٰ بی بی عمران خان  کی بیگم  ہیں، اسی لیے ان سے کوئی اختلاف نہیں کر سکتا، بانی پی ٹی آئی جس پر ہاتھ رکھیں گے، وہی لیڈر ہوگا، بصورت دیگر کوئی پارٹی کا لیڈر  نہیں بن سکتا۔

ترجمان  نے کہا کہ جب بشری بی بی کا کسی سے کوئی موازنہ ہی نہیں ہے تو اختلافات کیسے ہو سکتے ہیں؟ بشریٰ بی بی کو جیل میں عام قیدیوں جیسی سہولیات بھی میسر نہیں ہیں۔

مشال یوسفزئی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے صوبائی کابینہ میں تبدیلی کے احکامات جاری کیے ہیں اور کابینہ میں شامل ارکان سے پارٹی عہدوں سے استعفیٰ لیا جائے گا، بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کو سازش کے ذریعے کابینہ سے ہٹایا گیا اور ان کے خلاف پارٹی میں منظم پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔