راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 13 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ انٹیلیجنس بنیاد پر 12 اور 13 فروری کی درمیانی شب پانچ مختلف مقامات پر آپریشن کیے گئے، جن میں مطلوب دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈی آئی خان کے علاقے کولاچی میں سیکیورٹی فورسز نے ایک اہم کارروائی کی، جہاں دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں شاہ گل نامی دہشت گرد سمیت 5 خوارج مارے گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ دہشت گرد متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقوں دوسالی اور تاپی میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ان دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا، جو وہ ملک میں دہشت گردی کے منصوبے بنانے کے لیے استعمال کرنا چاہتے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں بھی ایک کامیاب آپریشن کیا، جس میں دو خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز کی کامیابی، قوم کا خراج تحسین
خیبرپختونخوا میں ان کامیاب کارروائیوں پر عوام اور سیکیورٹی ماہرین کی جانب سے پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے، ان کارروائیوں سے خطے میں امن و امان کی بحالی میں مدد ملے گی اور دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو مزید کمزور کیا جا سکے گا۔
پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک میں امن کے دشمنوں کے خلاف برسرِپیکار ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہیں۔