بھارت: بزرگ شخص کو سروس میں تاخیر پر 16 ملازمین کو 30 منٹ کھڑا کرنے کی سزا

141

بھارت میں ایک بزرگ شخص کو سروس فراہم کرنے میں تاخیر دیکھ کر نوئیڈا کے پلاٹ ڈپارٹمنٹ کے سی ای او نے 16 ملازمین کو سزا کے طور پر 30 منٹ تک کھڑا کر دیا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق نوئیڈا اتھارٹی کے سی ای او ڈاکٹر لوکیش ایم نے سروس کاؤنٹر پر ایک بزرگ شہری کو غیر ضروری طور پر انتظار کرتے ہوئے دیکھا، جس پر انہوں نے عملے کے خلاف فوری کارروائی کی۔ 

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق معمول کی سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کے دوران جب ڈاکٹر لوکیش نے سروس میں تاخیر نوٹ کی، تو انہوں نے عملے کو اس مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت دی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جب سروس کی تیز فراہمی کی ہدایت دینے کے باوجود بزرگ شہری 30 منٹ تک انتظار کرتے رہے، تو سی ای او غصے میں آ گئے، انہوں نے محکمے کا دورہ کیا اور 16 ملازمین بشمول خواتین کو 30 منٹ تک کھڑا رہنے اور اسی حالت میں کام جاری رکھنے کا حکم دیا۔

یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا جہاں صارفین مختلف رائے کا اظہار کر رہے ہیں، کئی صارفین نے ڈاکٹر لوکیش کے اس فیصلے کی تعریف کی اور کہا کہ اس سے لاپرواہی کرنے والے عملے کا احتساب ہوگا اور عوامی خدمت میں بہتری آئے گی۔