تحریک انصاف کا آئی ایم ایف کو انتخابی دھاندلی کے شواہد پر مشتمل ڈوزیئر اور خط  ارسال

102

اسلام آباد: تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) مشن کو انتخابی دھاندلی کے حوالے سے شواہد پر مشتمل ڈوزیئر اور خط بھیج دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق  پی ٹی آئی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کو بھیجا جانے والا ڈوزیئر چیف جسٹس آف پاکستان کو بھی بھجوایا گیا ہے۔

عمر ایوب نے کہاکہ  اس ڈوزیئر میں عام انتخابات 2024 میں دھاندلی سے متعلق اہم شواہد شامل ہیں، جو آئی ایم ایف کے وفد کو بھجوائے گئے ہیں، ڈوزیئر میں انتخابات میں دھاندلی کے طریقوں کے بارے میں تفصیلات فراہم کی گئی ہیں اور غیر سرکاری تنظیم “پتن” کی رپورٹ بھی اس میں منسلک کی گئی ہے۔

عمر ایوب نے مزید بتایا کہ اس خط میں بانی تحریک انصاف عمران خان کی 7 جولائی 2023 کو آئی ایم ایف وفد سے ملاقات کا ذکر کیا گیا ہے، جس میں انہوں نے شفاف انتخابات اور قانون کی حکمرانی کی اہمیت پر زور دیا تھا۔

خط میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کو سیاسی طور پر دبایا جا رہا ہے اور ان سے مینڈیٹ چھیننے کے شواہد بھی پیش کیے گئے ہیں، پی ٹی آئی نے عالمی تنظیموں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے درخواست کی ہے کہ ان کے تحفظات پر توجہ دی جائے اور پاکستان کے مستقبل کے حوالے سے جمہوری اصولوں کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔ عمر ایوب نے کہا کہ سیاسی اور معاشی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ پی ٹی آئی کے تحفظات کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے اور قانون کی حکمرانی کو اولین ترجیح دی جائے۔