کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ محکمہ سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ (CIIM)میں ٹریفک مینجمنٹ اور فرسٹ ایڈ کے حوالے سے ہر سال کی طرح رواں سال بھی ماہ رمضان المبارک سے قبل ایک روزہ سیمینار کا انعقاد خوش آئند ہے، منعقدہ سیمینار سے ٹریفک قوانین، ٹریفک جام کے مسائل اور فرسٹ ایڈ کے حوالے سے سٹی وارڈنز نے بھرپور استفادہ کیا۔
عبداللہ مراد نے کہا کہ رمضان المبارک کے موقع پر اس سال بھی سٹی وارڈنز کو خصوصاً افطار، نماز و تروایج اور ان شاہراہوں پر تعینات کیا جائے گا جو کہ ٹریفک جام کا باعث بنتی ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی کو بہتر سے بہتر کیا جاسکے۔
اس موقع پر محکمہ سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ کے ڈائریکٹر محمد شاہد، ڈائریکٹر سٹی وارڈن راجہ رستم، پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی سندھ کے ماسٹر ٹرینر ڈاکٹر سید محمد، انچارج ریسرچ اینڈ روڈ سیفٹی سندھ پولیس علی سہاگ (SPAARC)، سب انسپکٹر غلام محمد رند، پیر بخش، غضنفر سرفراز، سٹی وارڈنز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی سندھ کے ماسٹر ٹرینر ڈاکٹر سید محمد نے سی پی آر (CPR) اور فرسٹ ایڈ کے حوالے سے تفصیلی ٹریننگ دی اور عملی پریکٹس بھی کروائی، انچارج ریسرچ اینڈ روڈ سیفٹی سندھ پولیس علی سہاگ نے ٹریفک قوانین کے بارے میں تفصیلی لیکچر دیا اور دوران پریکٹس ٹریفک قوانین اور فرسٹ ایڈ کے حوالے سے مختلف سوالات کے جوابات دیئے۔