کیا آپ اپنا بلڈشوگر قابو میں رکھنا چاہیں گے؟ 4 مشروب آپ کی مدد کر سکتے ہیں

129
Drinking water in a plastic bottle

طبی ماہرین کا ماننا ہے کہ بلڈ شوگر کو منظم رکھنا ذیابیطس کے مریضوں کے لیے انتہائی اہم ہے لیکن یہ ہر کسی کے لیے صحت مند زندگی کا ایک اہم حصہ ہے۔

جس طرح کھانا بلڈ شوگر کو متاثر کرتا ہے تو بالکل اسی طرح مشروبات بھی اس پر گہرا اثر ڈالتے ہیں۔ کچھ مشروبات بلڈ شوگر کو تیزی سے بڑھاتے ہیں جبکہ کچھ اسے کنٹرول میں رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ ذیل میں قارئین کے لیے 4 ایسے مشروبات کا جائزہ پیش کیا جا رہا ہے جو بلڈ شوگر کو کنٹرول رکھنے میں آپ کی مدد کر سکتے ہیں۔

پانی: یہ ہائیڈریشن کا بہترین ذریعہ ہے اور یہ بلڈ شوگر کو بالکل متاثر نہیں کرتا۔ پانی میں کوئی مٹھاس یا کیلوریز نہیں ہوتیں، اس لیے یہ شوگر کی سطح کو بڑھائے بغیر آپ کے جسم کو تروتازہ رکھتا ہے۔ پانی پینے سے آپ کے جسم میں گلوکوز کی مقدار کم ہوتی ہے، جس سے بلڈ شوگر کنٹرول میں رہتا ہے۔ اگر آپ ذیابیطس کے مریض ہیں، تو پانی آپ کا بہترین انتخاب ہے۔

سبز چائے: یہ نہ صرف اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہے، بلکہ یہ بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔ حالیہ تحقیقات کے مطابق سبز چائے میں موجود مرکبات انسولین کی حساسیت کو بہتر بناتے ہیں، جس سے بلڈ شوگر کی سطح کم ہوتی ہے۔ روزانہ سبز چائے پینے سے نہ صرف آپ کی صحت بہتر ہوتی ہے، بلکہ یہ ذیابیطس کے خطرے کو بھی کم کرتی ہے۔

گائے کا دودھ: اس میں موجود پروٹین بلڈ شوگر کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ دودھ میں موجود پروٹینز کاربوہائیڈریٹس کے ہضم ہونے کی رفتار کو سست کرتے ہیں، جس سے شوگر کی سطح تیزی سے نہیں بڑھتی۔ یہ خصوصیت ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بہت فائدہ مند ہے، تاہم دودھ کا انتخاب کرتے وقت کم چکنائی والے دودھ کو ترجیح دیں تاکہ اضافی کیلوریز سے بچا جا سکے۔

کافی: یہ بھی بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ مختلف مطالعات سے پتا چلا ہے کہ کافی کے استعمال سے فاسٹنگ بلڈ شوگر کی سطح کم ہوتی ہے۔ کافی میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اور دیگر مرکبات انسولین کی حساسیت کو بہتر بناتے ہیں، جس سے بلڈ شوگر مستحکم رہتا ہے، تاہم کافی میں شکر یا کریم شامل کرنے سے گریز کریں، کیونکہ یہ بلڈ شوگر کو بڑھا سکتے ہیں۔

بلڈ شوگر کو کنٹرول میں رکھنا صحت مند زندگی کے لیے ضروری ہے۔ پانی، سبز چائے، گائے کا دودھ اور کافی جیسے مشروبات نہ صرف آپ کو ہائیڈریٹ رکھتے ہیں بلکہ یہ بلڈ شوگر کو مستحکم رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

ان مشروبات کو اپنی روزمرہ کی خوراک میں شامل کر کے آپ نہ صرف ذیابیطس کے خطرے کو کم کر سکتے ہیں بلکہ اپنی مجموعی صحت کو بھی بہتر بنا سکتے ہیں۔ یاد رکھیں متوازن غذا اور صحت مند طرز زندگی ہی آپ کو طویل اور صحت مند زندگی فراہم کر سکتے ہیں۔