اسلام آباد (آن لائن)الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کیلئے بجلی ٹیرف میں بڑی کمی متوقع، بنیادی ٹیرف 45روپے 54 پیسے سے کم ہو کر 23روپے 58 پیسے مقرر ہونے کا امکان ، نیپرا اتھارٹی نے چارجنگ اسسٹیشنز کیلئے قیمت میں کمی سے متعلق وفاقی حکومت کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی جبکہ پالیسی کا جائزہ لے کر فیصلہ جاری کیا جائے گا جس پر حتمی نوٹیفکیشن حکومت جاری کرے گی۔الیکٹرک وہیکلز چارجنگ اسٹیشن کیلئے بجلی نرخوں کے تعین کی
درخواست پر نیپرا میں سماعت ہوئی ،پاور ڈویژن حکام نے اتھارٹی کو بتایا کہ ای وی انفراسٹرکچر پاکستان میں بہت حد تک محدود اس وقت پاکستان میں صرف 8 وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کام کر رہے،ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نکلنے کیلئے مارکیٹ کو کھولنا پڑے گااسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ریگولیٹری فریم ورک میں تبدیلی کا فیصلہ ہوا ہے۔پاور ڈویڑن کی جانب سے بتایا گیا کہ کمرشل کیٹگری کیلئے بجلی ٹیرف تقریباً 94 روپے تک پڑتا ہے، یہ ریٹ لاگو نہیں مگر 70 روپے فی یونٹ تک صارفین ادا کرتے ہیں،ملک میں مجموعی طور پر 7 سے 8 ہزار صارفین ہیں،جن کو بڑھانے کیلئے قیمتوں میں کمی ضروری ہے۔ نیپرا اتھارٹی نے الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پالیسی پر سوالات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے پوچھا کہ سرمایہ کارانہ نظام میں قیمتوں کو کیسے کنٹرول کیا جا سکے گا،کوئی بھی چارجنگ اسٹیشن من مانی قیمت وصول کرے گا تو کیا کریں گے؟ ممبر مطہر نیاز رانا نے سوال کیا کہ ایک مقام پر کتنے اسٹیشنز لگنے ہیں کون تعین کرے گا کیا ہر بندہ حکومت کے پاس درخواست لے کر آئے گا۔پاور ڈویڑن حکام نے بتایا کہ ای وی پالیسی عالمی معاہدوں کے تحت 2030 تک ہوگی، چارجنگ اسٹیشن جو بھی آئے گا وہ انٹرنیٹ کنیکٹیکٹوی یقینی رکھے گاکاروبار کو سہولت دینی ہے جہاں سے بھی کر سکتے ہیں کرنا ہوگی،اتھارٹی نے تفصیلی بحث کے بعد سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کر لیا جس کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کو بعد میں بھجوایا جائے گا۔