سیمابیہ طاہر کی گرفتاری و رہائی ۔علیمہ اور عظمیٰ خان بے قصور قرار ،زرتاج گل کے وارنٹ گرفتاری منسوخ

26

راولپنڈی/ اسلام آباد/ لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما سیمابیہ طاہر کو رہا کردیا گیا ،جناح ہاؤس حملہ کیس میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو پولیس نے بے قصور قرار دے دیاجبکہ عدالت نے پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کے وارنٹ منسوخ کردیے۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما سیمابیہ طاہر کو تھانہ نیو ٹاؤن پولیس نے ریلیز کردیا، سیمابیہ
طاہر کو پشاور ہائیکورٹ سے حاصل کی گئی ضمانت کی تصدیق کے لیے اڈیالہ جیل سے تحویل میں لے کر تھانہ نیو ٹاؤن منتقل کیا گیا تھا۔ پولیس نے سیمابیہ طاہر کی ضمانت کی تصدیق ہونے پر انہیں ریلیز کیا، سیمابیہ طاہر نے پشاور ہائیکورٹ سے 26 فروری تک ضمانت حاصل کر رکھی ہے جس کی تصدیق کے لیے انہیں اڈیالہ جیل سے تحویل میں لے کر تھانہ نیو ٹاؤن منتقل کیا گیا۔ سیمابیہ طاہر 26 نومبر احتجاج کے سلسلے میں درج مقدمہ میں مطلوب تھیں، سیمابیہ طاہر جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں پیش ہونے کے لیے بدھ کے روز اڈیالہ جیل پہنچی تھیں جہاں سے انہیں تحویل میں لیا گیا۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سیمابیہ طاہر کو نومبر 2024 میں درج کیے گئے کیسز میں حراست میں لیا گیا تھا۔علاوہ ازیں جناح ہاؤس حملہ کیس میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو پولیس نے بے قصور قرار دے دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کے خلاف 9 مئی کے مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں علیمہ خان عدالت پہنچیں۔ عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں عبوری ضمانت واپس لینے کی بنا پر خارج کر دی۔ دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف تفتیش مکمل ہے۔ علیمہ خان اور عظمیٰ خان جناح ہاؤس کیس میں بے قصور ہیں۔ مزید برآں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد سے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کمرہ عدالت پہنچیں۔ پی ٹی آئی رہنما کے وکلاء نے وارنٹ منسوخ کرنے کی درخواست عدالت میں جمع کروائی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ زرتاج گل کی دوسرے کیس میں اڈیالہ جیل پیشی تھی اس لیے پیش نہیں ہوسکی تھیں، اب پیش ہوگئی ہیں۔جس پر عدالت نے زرتاج گل کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے، جج نے ریمارکس دیئے کہ زرتاج گل خود عدالت میں پیش ہوگئی ہیں، اس لیے وارنٹ منسوخ کرتا ہوں۔ عدالت نے زرتاج گل کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے کیس کی سماعت 12 مارچ تک ملتوی کر دی۔ خیال رہے کہ بدھ کو ہی سول جج مبشر حسن چشتی کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے، جج نے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ زرتاج گل متعدد بار طلبی کے باوجود عدالت پیش نہیں ہوئیں، زرتاج گل کے پیش نہ ہونے پر وارنٹ گرفتاری جاری کر رہا ہوں۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کیخلاف تھانہ بارہ کہو میں مقدمہ درج ہے۔