وفاقی حکومت نے وزارت انسداد منشیات کو وزارت داخلہ میں ضم کر دیا

42

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی حکومت نے وزارت انسداد منشیات کو وزارت داخلہ میں ضم کر دیا ، اب انسداد منشیات فورس وزارت داخلہ کے ادارے کے طور پر کام کرے گا ۔ بدھ کو وزارت داخلہ و انسداد منشیات کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزارت انسداد منشیات ڈویژن کو وزارت داخلہ میں بطور ونگ ضم کر دیا گیا ہے۔ اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کو وزارت داخلہ کے ماتحت ایک منسلک محکمہ قرار دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایس آر او
83(I)/2025مورخہ 4فروری 2025 کے تحت رولز آف بزنس 1973کے شیڈول I، II، III، V-A اور V-Bمیں ضروری ترامیم کی گئی ہیں۔ اس فیصلے کے بعد، وزارت داخلہ کا نام تبدیل کرکے ’’وزارت داخلہ و انسداد منشیات‘‘ رکھ دیا گیا ہے، جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ تمام سرکاری خط و کتابت میں اب ’’وزارت داخلہ و انسداد منشیات‘‘ کا نام استعمال کیا جائے گا، اور سابقہ نارکوٹکس کنٹرول ڈویژن سے متعلق تمام مراسلات اسی وزارت کو بھیجے جائیں گے ۔