جنوری: روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں 9.56 ارب ڈالر جمع

74

کراچی(بزنس رپورٹر)روشن ڈیجیٹل اکاونٹ میں جنوری 2025 کے اختتام تک سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے 9.56 ارب ڈالر جمع کرائے گئے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق موصول شدہ کل رقم میں سے تقریباً 7.76 ارب ڈالر وطن واپس بھیجے گئے ہیں۔مجموعی رقم میں سے 6.052 ارب ڈالر مقامی طو پراستعمال کیے گئے ہیں جبکہ 1.711 ارب ڈالر بیرون ملک منتقل کئے گئے ہیں۔روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے تحت قابل واپسی خالص واجبات 1.80 ارب ڈالر ہیں، جبکہ سرمایہ کاری میں 479 ملین ڈالر روایتی نیا پاکستان سرٹیفکیٹس، 799 ملین ڈالر اسلامی سرٹیفکیٹس، اور 59 ملین ڈالر روشن ایکویٹی میں شامل ہیں۔مزید برآں، 36 ملین ڈالر دیگر واجبات میں شامل ہیں، جبکہ 428 ملین ڈالر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں جمع ہیں۔روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں مسلسل بڑھتے ہوئے ترسیلات زر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اس اقدام پر اعتماد کو ظاہر کرتے ہیں، جو ستمبر 2020 میں متعارف کرایا گیا تھا اور متعدد سرمایہ کاری مواقع اور آسان بینکاری خدمات فراہم کرتا ہے۔