صومالیہ ، فوجی اڈے پر خودکش حملے ، جھڑپوں میں 70داعشی جنگجو ہلاک

83

موغادیشو(انٹرنیشنل ڈیسک) صومالیہ کی شمال مشرقی ریاست پنٹ لینڈ میں داعش نے فوجی اڈے پر کارروائی کرتے ہوئے کار بم دھماکے کے علاوہ موٹر سائیکلوں کی مدد سے خودکش حملے کیے ۔ فوجی حکام کا کہنا ہے کہ داعش کا حملہ ناکام بناتے ہوئے جوابی کارروائی میں 70 جنگجو ہلاک کر دیے گئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق فوج نے داعش کے خلاف بڑا حملہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ صومالی فوج کے ترجمان نے حملے سے متعلق بیان میں کہا کہ فوج نے خودکش حملہ آوروں کو نشانہ بناتے ہوئے انہیں بھاری نقصان پہنچایا ۔ بیان میں فوج کے جانی نقصان کا بھی ذکر کیا گیا ہے ،تاہم فوجی ہلاکتوں کی تعداد نہیں بتائی گئی ۔ یاد رہے کہ فوج نے دسمبر 2024 ء میں پنٹ لینڈ میں ایک بڑے حملے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ داعش کے کئی مراکز پر قبضہ کر لیا گیا ہے۔ صومالیہ میں القاعدہ سے منسلک الشباب گروپ سرگرم رہا ہے۔ اس دوران جنگجوؤں کا گروہ داعش کے ساتھ بھی تیزی سے حصہ بنا ہے۔ امریکا نے داعش کو بین الاقوامی سطح پر دہشت گرد گروہ قرار دے رکھا ہے۔ رواں ماہ کے شروع میں امریکا نے بھی صومالیہ کے اندر داعش پر بمباری کی تھی۔ ایک اندازے کے مطابق صومالیہ میں حالیہ برسوں کے دوران جنگجوؤں کی تعداد میں 700 سے 1500 تک کا اضافہ ہو گیا ہے۔ تاہم داعش کا یہ گروپ اب بھی پہلے سے موجود القاعدہ کے ذیلی گروپ الشباب سے چھوٹا گروپ ہے۔