کراچی میں ڈومیسائل اور پی آر سی کا آن لائن اجرا نہ ہوسکا، رشوت کا بازار گرم

34

کراچی (رپورٹ: منیر عقیل انصاری) کمشنر کراچی سید حسن نقوی کے اعلان کو ایک سال گزرنے کے باوجود کراچی کے 7 اضلاع میں ڈومیسائل اور پی آر سی کے اجرا ء کو آن لائن نہیں کیا جا سکا۔ شہری اب بھی ان دستاویزات کے حصول کے لیے ایجنٹوں کو بھاری رشوت دینے پر مجبور ہیں۔ اندرون سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے کراچی میں مقیم افراد کو ڈی سی آفس کے باہر بیٹھے ایجنٹ بھاری رشوت کے عوض جعلی ڈومیسائل بنا کر فراہم کر رہے ہیں، جبکہ ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہو رہی۔دیگر شہروں جیسے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ڈومیسائل اور پی آر سی کے اجراء کا نظام آن لائن ہو چکا ہے، لیکن کراچی میں یہ نظام نافذ نہیں ہو سکا۔ فروری 2024 میں ضلع کورنگی کے ڈپٹی کمشنر آفس کے دورے کے موقع پر کمشنر کراچی نے اعلان کیا تھا کہ کراچی میں ڈومیسائل کے اجرا کا نظام آسان اور شفاف بنایا جائے گا اور اسے آن لائن کیا جائے گا، لیکن ایک سال بعد بھی اس پر عمل درآمد نہ ہو سکا۔ضلع شرقی کے ڈپٹی کمشنر آفس میں آج بھی ڈومیسائل اور پی آر سی کا اجرا مینول طریقے سے ہو رہا ہے۔ کمشنر کراچی کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ستار جاوید نے بتایا کہ تاحال تمام اضلاع میں آن لائن نظام نافذ نہیں کیا جا سکا، لیکن کمپیوٹرائزڈ طریقے سے کام کیا جا رہا ہے۔