کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ایم سی ماڈل کالونی میں سالانہ میگا اسپورٹس ایونٹ کا انعقاد ہوا۔ فائنل ڈے کی تقریب میں ٹاؤن چیئرمین ظفر احمد خان، ٹاؤن میونسپل کمشنر سید امداد علی شاہ، ٹاؤن وائس چیئرمین فیصل باسط، چیف کوآرڈینیٹر نجم الدین، اور یوسی چیئرمین عبدالمعیز نے شرکت کی۔ ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر سید محمد ندیم نے اپنے اسٹاف کے ہمراہ معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ ٹی ایم سی اسکولوں کے طلبہ نے مہمانوں کو سلامی پیش کی اور منفرد انداز میں ان کا خیر مقدم کیا۔سالانہ میگا اسپورٹس ایونٹ کے شاندار انعقاد پر ٹاؤن چیئرمین ظفر احمد خان نے ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔ ننھے طلبہ نے قومی نغمے پر شاندار ٹیبلوز پیش کیے اور حاضرین کے دل موہ لیے۔تقریب کا باقاعدہ آغاز پرچم کشائی سے ہوا، جس میں ٹاؤن چیئرمین ظفر احمد خان، ٹاؤن میونسپل کمشنر سید امداد علی شاہ، ٹاؤن وائس چیئرمین فیصل باسط، اور دیگر افسران شریک ہوئے۔ اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی، ماڈل کالونی ٹاؤن کی خوشحالی، اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ بچوں کی جانب سے رنگ برنگے غبارے ہوا میں چھوڑے گئے، جس سے حاضرین لطف اندوز ہوتے رہے۔ تقریب کے اختتام پر ٹاؤن چیئرمین ظفر احمد خان نے اچھی کارکردگی دکھانے والے طلبہ سے ملاقات کی، ان کا حوصلہ بڑھایا اور مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔