ہانگ کانگ: پاکستان نے مکاؤ کو 0-3 سے شکست دے کر 22ویں ایشین جونیئر ٹیم اسکوائس چیمپیئن شپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے، یہ پاکستان کی مسلسل تیسری کامیابی ہے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق چیمپیئن شپ ہانگ کانگ میں جاری ہے اور پاکستان نے پول ڈی میں اپنے تیسرے میچ میں مکاؤ کو باآسانی شکست دے کر ناقابل شکست رہتے ہوئے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے اپنے پہلے پول میچ میں چین اور دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت کو شکست دی تھی۔
کوارٹر فائنل میں سیڈ 6 پاکستان کا مقابلہ سیڈ 5 جاپان سے ہوگا۔ دیگر کوارٹر فائنلز میں ٹاپ سیڈ کوریا کا سیڈ 9 سنگاپور، سیڈ 2 ملائیشیا کا سیڈ 7 کویت اور میزبان سیڈ 3 ہانگ کانگ کا سیڈ 4 بھارت سے مقابلہ ہوگا۔ چیمپیئن شپ میں پاکستان جونیئر ٹیم انس علی شاہ، عبداللہ نواز، نعمان خان اور سخی اللہ ترین پر مشتمل ہے، سابق عالمی کھلاڑی فہیم گل ٹیم کے کوچ ہیں۔