راولپنڈی:چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے نوجوانوں کو ’’پاکستانیت‘‘ کا جذبہ اپنانے اور ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے پاک فوج کے کردار کو اجاگر کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے ملک بھر سے آئے ہوئے یونیورسٹی اور کالج کے طلبہ سے خطاب کیا اور انہیں علمی میدان میں بہترین کارکردگی دکھانے کی نصیحت کی۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ایسی مہارتیں حاصل کریں، جس کےنتیجے میں وہ ملک کی ترقی اور استحکام میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بن سکیں۔
جنرل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں پاکستان پر بیرونی ماحول کے اثرات اور خصوصاً سرحد پار دہشت گردی کے خدشات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیتوں اور جدت پسندی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہی نوجوان پاکستان کے مستقبل کے رہنما ہیں۔
انہوں نے پاک فوج کے ملک کی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے تحفظ میں کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے ناسور سے نجات دلانے میں قوم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہل کاروں نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ عوام کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔
آرمی چیف نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ’’پاکستانیت‘‘کے جذبے کو اپنائیں کیونکہ یہ نہ صرف ان کی فکری نشوونما کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے بلکہ قومی یکجہتی اور ترقی کے لیے بھی ناگزیر ہے۔