مٹیاری(نمائندہ جسارت)ضلع مٹیاری میں نیشنل ایکشن پلان، انسداد انسانی اسمگلنگ، جبری مشقت، اور چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد۔ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ کی زیر صدارت ضلع مٹیاری میں نیشنل ایکشن پلان، انسداد انسانی اسمگلنگ، جبری مشقت، اور چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے ایک اہم اجلاس لطیف ہال، ڈپٹی کمشنر سیکریٹریٹ مٹیاری میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس مٹیاری فیصل بشیر میمن، لیفٹیننٹ کرنل کاشف، میجر زاہد، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پیر غلام حسین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-I نور احمد کھہرو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-II اقراء جنت، اسسٹنٹ کمشنر ہالا ڈاکٹر مظاہر، اسسٹنٹ کمشنر سعیدآباد اسد اللہ کھوکھر اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد، سیکیورٹی کی صورتحال، سماجی بہبود کے اقدامات اور دیگر اہم معاملات پر غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر مٹیاری نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ وہ قومی مفاد میں اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں سرانجام دیں اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنائیں۔انسداد انسانی اسمگلنگ اور جبری مشقت کے حوالے سے اجلاس میں پولیس سپرنٹنڈنٹ، ضلعی کونسل آفیسر، سوشل ویلفیئر، محنت و انسانی وسائل کے افسران، ایف آئی اے کے نمائندے، چائلڈ پروٹیکشن یونٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کے شرکاء نے اپنی تجاویز دیں۔ اجلاس میں انسانی اسمگلنگ اور جبری مشقت کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اور عملی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی کے اجلاس میں بچوں کے تحفظ اور ان کے حقوق سے متعلق مختلف امور پر گفتگو کی گئی اور چائلڈ پروٹیکشن سے متعلق آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ متاثرہ بچوں کی فوری مدد کو یقینی بنایا جا سکے۔