اسلام آباد(آن لائن)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کمیٹی نے وزارت کے ذیلی اداروں سمیت ملازمین کی رائٹ سائزنگ پالیسی کو ختم کرنے کی سفارش کی ہے،چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ ملک میں پہلے ہی بے روزگاری بڑھ رہی ہے ایسے میں مزید ملازمین کو بے روزگار کرنے سے مسائل میں اضافہ ہوگا۔منگل کو چیئرمین سینیٹر کامل علی آغا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزارت سائینس و ٹیکنالوجی میں رائٹ سائزنگ اقدامات کا جائزہ لیا گیا اس موقع پر چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ رائٹ سائزنگ میں ہمیشہ ملازمین متاثر ہوتے ہیں اس موقع پر وزارت کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزارت کی کونسل برائے ورکس اینڈ ہائوسنگ ریسرچ کو ختم کیا جارہا ہے اسی طرح پاکستان کونسل برائے سائنس و ٹیکنالوجی کو بھی تحلیل کیا جائے گا۔