پی ٹی آئی کا عام انتخابات اور 26 ویںترمیم کا معاملہ آئی ایم ایف کے سامنے اٹھانے کا اعلان

127

اسلام آباد(آن لائن+ صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے عام انتخابات 2024 اور 26 ویں ترمیم کا معاملہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد کے سامنے اٹھانے کا اعلان کردیا ۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ہمارے ارکان کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں،حالات مذاکرات کے قابل نہیں۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما عمر ایوب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آئی ایم ایف وفد کی جوڈیشل کمیشن ملاقات میں ہم اپنا مؤقف پیش کریں گے، الیکشن میں جو ہوا ہے وہ سارا معاملہ آئی ایم ایف وفد کے سامنے رکھیں گے۔عمر ایوب نے کہا کہ 26ویں ترمیم سے جو مسائل پیدا ہوئے ہیں وہ سارا آئی ایم ایف وفد کے سامنے رکھیں گے۔علاوہ ازیں قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہاکہ ملک میں حالات مذاکرات کے قابل نہیں، ہمارے ارکان کے گھروں پر پنجاب میں چھاپے مارے جارہے ہیں لوگوں کو زدوکوب کیا جارہا ہے ۔کچے کے ڈاکوؤں سے پنجاب پولیس بھاگ جاتی ہے مگر ہمارے کارکنوں کے گھر پر چھاپے مارے جارہے ہیں ۔