پائلٹس سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیان سے نقصانات پر انکوائری کیلیے کابینہ کمیٹی تشکیل

28

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی کابینہ نے سابق وزیر ہوابازی غلام سرور کے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) پائلٹس سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیان سے ہونے والے نقصانات پر انکوائری کے لیے کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی۔ انکوائری کمیٹی کنوینر وزیر دفاع خواجہ آصف کی صدارت میں 7 رکنی ممبران پر مشتمل ہے۔انکوائری کمیٹی کنوینر وزیر دفاع خواجہ آصف کی صدارت میں 7 رکنی ممبران پر مشتمل ہے، کمیٹی ممبران میں وفاقی وزیر خزانہ، وفاقی وزیر قانون و انصاف سیکرٹری وزارت دفاع، سیکرٹری قانون و انصاف کے علاوہ کمیٹی ممبران میں چیف ایگزیکٹیو پی آئی اے، ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی بھی شامل ہیں۔دفاع ڈویژن کمیٹی کو سیکرٹریل معاونت فراہم کرے گا۔کمیٹی سابق وزیر کے غیر ذمہ دارانہ بیان سے قومی خزانے کو ہونے والے مالی نقصانات کا تخمینہ لگائے گی، کمیٹی غیر ذمہ دارانہ بیان پر ملک اور پی آئی اے کی ساکھ کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لے گی۔کمیٹی 4 ہفتوں کے اندر اپنی رپورٹ کابینہ کو جمع کرائے گی۔