اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا ہے کہ عدلیہ، پارلیمنٹ اور انتظامیہ سمیت تمام ستون زمیں بوس ہو چکے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے نتائج روکنے کیخلاف درخواست کی سماعت جسٹس محسن اخترکیانی نے کی۔
دوران سماعت جسٹس محسن کیانی نے چیئرمین ایف پی ایس سی لیفٹننٹ جنرل (ر) اختر نوازستی سے کہا کہ 2024 کے امتحان کے نتائج آئے نہیں اور آپ 2025 کا امتحان لینے جارہے ہیں۔
جسٹس محسن کیانی نےکہا اگر آج بھی کہہ دیں کہ نتائج کا اعلان کر رہے ہیں تو ہم درخواستیں نمٹا دیتے ہیں، جس پر اخترنواز ستی نے کہا کہ فوری نتائج کا اعلان کرنا ممکن نہیں ہے۔
سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے جسٹس محسن کیانی نے کہا کہ عدلیہ، پارلیمنٹ اور انتظامیہ سمیت تمام ستون گرچکے ہیں، عدلیہ کا ستون ہوا میں ہے مگر ہم پھر بھی مایوس نہیں ہیں۔
بعد ازاں جسٹس محسن اختر کیانی نے سی ایس ایس کے امیدواروں کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔