سمیع عابد ہاکی کلب کے کھلاڑیوں نےبہترین کھیل پیش کر کے حیدرآباد کا نامروشن کردیا،اسلم خان

78

ٹنڈوجام (نمائندہ جسارت)دوسرا چیف آف آرمی اسٹاف ہاکی چیمپئن شپ میں حیدرآباد کی سمیع عابد ہاکی کلب ٹنڈوجام نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برنی ہاکی ٹیم کوئٹہ کو 4-2 سے شکست دے کر راؤنڈ میچ میں کامیابی حاصل کر لی اس شاندار فتح پر ہاکی ایسوسی ایشن سندھ کے نائب صدر محمد اسلم خان نیازی، حیدرآباد ریجن کے صدر اور معروف اسپورٹس آرگنائزر راؤ ظفر سعید راجپوت، راؤ تسلیم رشید راجپوت، سجاد عالم خانزادہ، جنید راجپوت محمد اختر آرائیں اور عارف ایوب راجپوت نے ٹیم کے آفیشلز اور کھلاڑیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ سمیع عابد ہاکی کلب کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کر کے حیدرآباد کا نام روشن کیا ہے انکی محنت، لگن اور جذبہ قابلِ تحسین ہے کھلاڑیوں نے میدان میں بھرپور مہارت اور جوش و خروش کے ساتھ کھیل پیش کیا جس کے نتیجے میں انہیں یہ اہم کامیابی حاصل ہوئی۔مزید کہا گیا کہ اس جیت سے نہ صرف حیدرآباد کے ہاکی کے شائقین کو خوشی ملی ہے بلکہ یہ فتح علاقائی سطح پر ہاکی کے فروغ کے لیے بھی ایک مثبت قدم ہے حیدرآباد کے نوجوانوں کو کھیل کے میدان میں آگے بڑھنے کے لیے حوصلہ افزائی کی جائے گی اور ہاکی کے کھیل کو مزید ترقی دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔