ایس ای سی پی نے ڈیجیٹل، آن لائن سیکیورٹیز بروکر کو لائسنس جاری کر دیا

90

کراچی(کامرس رپورٹر)سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے تمکین سیکیورٹیز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو لائسنس جاری کر دیا ہے، جو کہ پاکستان کی پہلی مکمل طور پر ڈیجیٹل، آن لائن سیکیورٹیز بروکر ہے۔ یہ اقدام ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ لائسنس کا اجرا پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹس کو جدید خطوط پر استوار کرنے، سرمایہ کاری تک رسائی کو بہتر بنانے، اور ملک بھر میں ریٹیل اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع کو جمہوری بنانے کی سمت ایک نمایاں پیش رفت ہے۔نئے لائسنس یافتہ ڈیجیٹل بروکریج ہاؤس کے ذریعے سرمایہ کار بغیر کسی جسمانی ملاقات، کاغذی کارروائی یا روایتی بروکریج چینلز کے اکاؤنٹ کھول سکیں گے اور سرمایہ کاری کے سودے کر سکیں گے۔ یہ اقدام ایس ای سی پی کے اسٹریٹجک وڑن سے ہم آہنگ ہے جس کا مقصد ڈیجیٹل تبدیلی کو تیز کرنا، مالی شمولیت کو فروغ دینا، اور جدت کے ذریعے پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹس کو مضبوط بنانا ہے۔اس پیش رفت کے ساتھ، پاکستان ان عالمی مارکیٹوں کی صف میں شامل ہو گیا ہے جنہوں نے کامیابی کے ساتھ مکمل ڈیجیٹل ٹریڈنگ پلیٹ فارمز متعارف کروائے ہیں، جو ٹیکنالوجی سے واقف سرمایہ کاروں کی بدلتی ضروریات کو پورا کرتے ہیں اور اسٹاک مارکیٹ میں ریٹیل سرمایہ کاروں کی شمولیت کو فروغ دیتے ہیں۔