معلومات کے تبادلہ کیے بغیر کوئی فیصلہ نہ کیا جائے، جاوید بلوانی

49

کرچی(کامرس رپورٹر)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) پر زور دیا ہے کہ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کی طرف سے سیکورٹی ڈیپازٹ کی شرح میں اضافے کی تجویز کو اس وقت تک معطل کیا جائے جب تک کہ تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مطلوبہ معلومات شفاف طریقے سے شیئر نہ کی جائیں نیز ایک جامع اور معنی خیز مشاورتی عمل کا آغازکیا جائے تاکہ اس ضمن میں کوئی بھی فیصلہ صارفین اور کاروباری اداروں دونوں کی مالی مجبوریوں کو مدنظر رکھ کر کیا جائے۔ کے سی سی آئی کے صدر محمد جاوید بلوانی نے رجسٹرار نیپرا کو بھیجے گئے خط میں کہا کہ تاجر برادری، ٹریڈ باڈیز اور صارفین نے مختلف سابقہ واپڈا ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کی جانب سے سیکورٹی ڈیپازٹ کی شرحوں میں اضافے کی درخواستوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے جن میں بجلی کے کنکشنز کے لیے سیکورٹی ڈیپازٹ کی شرح میں بہت زیادہ اضافے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اگر یہ تجاویز منظور کر لی گئیں تو اس سے ملک بھر میں صارفین، کاروباری اداروں اور صنعتوں پر غیر ضروری مالی بوجھ پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈسکوز نے نیپرا سے بجلی کی کھپت، جائیداد کے سائز اور یہاں تک کہ مارکیٹ ویلیو کے مطابق سیکورٹی ڈیپازٹ کی شرح میں تبدیلی کی منظوری طلب کی ہے۔