لاہور: قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ ملکی سیریز کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ کیویز نے 305 رنز کا ہدف 49ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
نیوزی لینڈ کی کامیابی میں کپتان کین ولیمسن نے شاندار 133 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ ڈیون کانوے بدقسمتی سے 97 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جب کہ گلین فلپس 28 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقا نے 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنائے۔ ڈیبیو کرنے والے میتھیو بریٹزکے نے 150 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ون ڈے کرکٹ میں ڈیبیو پر سب سے زیادہ رنز بنانے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ ویان مولڈر نے بھی 64 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور میں اہم اضافہ کیا۔
کیوی بولرز کی جانب سے میٹ ہینری اور ول اورورکی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ مائیکل بریسویل کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
قبل ازیں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلےبالنگ کا فیصلہ کیا جب کہ رچن رویندرا انجری کے باعث ٹیم سے باہر رہے اور ان کی جگہ ڈیون کانوے کو شامل کیا گیا تھا۔