اسکیٹ بورڈنگ کرنے والے کتے نے طویل انسانی سرنگ سے گزر کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

138

ایک باصلاحیت جاپانی کتے نے اسکیٹ بورڈ پر سوار ہو کر انسانوں کی ٹانگوں کے نیچے سے گزرتے ہوئے عالمی ریکارڈ قائم کر لیا۔

جاپان کی معروف کتے کی تربیت کار ساتومی آسانو کے اسپینیئل نسل کے کتے  کوڈا نے ایک شاندار کارنامہ سرانجام دیا ہے، کوڈا نے اطالوی ٹی وی سیریز لو شو دی ریکارڈ کے سیٹ پر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔

اس شاندار ریکارڈ میں 40 افراد نے اپنی ٹانگیں پھیلا کر ایک انسانی سرنگ بنائی، جس سے گزر کر کوڈا نے نیا ریکارڈ قائم کیا۔

 اس سے قبل 2017 میں جاپانی کتے ڈائی چُن نے 33 افراد کی سرنگ عبور کر کے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

پیشہ ور کتے کی تربیت کار ساتومی آسانو کا کہنا ہے کہ وہ اپنے تربیتی طریقہ کار میں ہمیشہ مثبت رویے کو ترجیح دیتی ہیں۔

 ساتومی آسانو نے کہا کہ کتوں کو تربیت دینے میں سزا یا منفی طریقوں کی بجائے، محبت اور حوصلہ افزائی اہم ترین عناصر ہیں۔