مودی کا پاکستانی فضائی حدود کا استعمال، خیر سگالی کا پیغام دینا بھی گوارا نہ کیا

115

اسلام آباد:بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سفارتی آداب کو نظر انداز کرتے ہوئے پاکستانی فضائی حدود استعمال کی، مگر کسی طرح کا خیرسگالی کا پیغام دینے کی زحمت نہیں کی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ایوی ایشن ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نریندر مودی نے فرانس کے دورے کے سلسلے میں پاکستانی فضائی حدود استعمال کی، جہاں ان کا خصوصی طیارہ’’انڈیا ون‘‘لاہور کے قریب پاکستانی حدود میں داخل ہوا۔ بھارتی وزیر اعظم کا طیارہ شیخوپورہ، حافظ آباد، چکوال اور کوہاٹ کے اوپر سے 34 ہزار فٹ کی بلندی پر سفر کرتا ہوا پارا چنار سے افغان فضائی حدود میں داخل ہوا۔

رپورٹ کے مطابق مودی کے خصوصی بوئنگ 777 طیارے نے تقریباً 41 منٹ تک پاکستانی فضائی حدود میں سفر کیا، تاہم اس سلسلے میں سفارتی آداب کی دھجیاں اُڑاتے ہوئے انہوں نے پاکستانی حکومت یا عوام کے لیے کوئی خیرسگالی کا پیغام نہیں بھیجا۔

واضح رہے کہ عالمی ایوی ایشن قوانین کے تحت ہر ملک کو دوسرے ملک کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت ہوتی ہے، تاہم مودی کی خاموشی سفارتی آداب کے برخلاف ہے۔