لیبیا میں پاکستانیوں سمیت 65 تارکین وطن کو لے جانے والی ایک اور کشتی الٹ گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں پاکستانی سفارت خانے نے اطلاع دی ہے کہ کشتی لیبیا کے شہر زاوِیہ کے شمال مغرب میں واقع مرسا ڈیلا کی بندرگاہ کے قریب حادثے کا شکار ہوئی ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی سفارت خانے نے فوری طور پر ایک ٹیم زاویہ ہسپتال روانہ کی ہے تاکہ مرنے والوں کی شناخت میں مقامی حکام کی مدد کی جا سکے، حادثے میں متاثرہ پاکستانیوں کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس حوالے سے کرائسز مینجمنٹ یونٹ متحرک کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستانی شہری واقعے سے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات یا مدد کے لیے سفارتخانے کے واٹس ایپ نمبر 03052185882 یا فون نمبر 0021891387077 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔