ایران کامصنوعی ذہانت سے لیس کروز میزائل تیارکرنے کا دعویٰ

140

تہران:ایران کے سپاہِ پاسداران انقلاب اسلامی (IRGC) کی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل علی رضا تنگسری نے اعلان کیا ہے کہ ایران نے 1,000 کلومیٹر سے زیادہ فاصلے تک مار کرنے والے کروز میزائل تیار کر لیے ہیں، جن میں مصنوعی ذہانت (AI) کو شامل کیا گیا ہے تاکہ ان کی درستگی اور آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کےمطابق ایڈمرل تنگسری نے آپریشن والفتح 8 کی سالگرہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی بحریہ مکمل طور پر جنگ کے لیے تیار ہے اور دشمنوں کو خبردار کیا کہ وہ ملک کے سمندری حدود کے بارے میں کوئی بھی جارحانہ قدم اٹھانے سے گریز کریں۔

انہوں نے ایران کی بحریہ اور IRGC فورسز کی یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی غیر ملکی طاقت ایران کے سمندری حدود میں دخل اندازی نہیں کر سکتی۔

ایڈمرل تنگسری نے مزید کہا کہ ایران کی فوجی ترقیات، جیسے میزائل، ڈرونز، جہاز اور آبدوزیں، پابندیوں کے باوجود جاری رہی ہیں، جس سے ملک میں خود کفالت اور مقامی سطح پر جدت کا عمل مضبوط ہو رہا ہے۔