صوابی جلسے کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی بہت خوش تھے: بیرسٹر گوہر

133

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ صوابی جلسے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان بہت خوش تھے۔ 

راولپنڈی میں اڈیالا جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ ووٹ اور مینڈیٹ جمہوریت کی بنیاد ہے، آٹھ فروری کو جو مینڈیٹ چوری ہوا اس پر کوئی کمیشن نہیں بن سکا۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کی بہت زیادہ تعداد تھی جلسے میں، پرامن طریقے سے ہم اس عمل کو آگے بڑھاتے رہیں گے، دھیمے انداز سے آگے بڑھتے تو سیاسی حل ڈھونڈا جاتا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ صوابی کا جلسہ تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ تھا، رابطے نہیں ختم ہونے چاہئیں، اپوزیشن پارٹیز سے ہمارا رابطہ ہوگا، مولانا فضل الرحمان ہمارے ساتھ ابھی تک الائنس میں نہیں۔ 

بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ عمران خان نے کہا 8 فروری عام انتخابات کے بعد پہلی دفعہ اتنے لوگ نکلے، ہم اپنا مینڈیٹ کبھی نہیں بھولیں گے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف ایک سیاسی پارٹی ہے، ہم سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے،نہ 26 ویں ترمیم کا کوئی فیصلہ ہو رہا ہے نہ کمیشن میں نئے ممبران کا فیصلہ ہو رہا ہے۔