ترک صدر کی غزہ سے فلسطینیوں کی بیدخلی کے بیان پر ٹرمپ پر کڑی تنقید

122
us involved in the war crimes in Gaza

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوان نے غزہ کے شہریوں کی بیدخلی کے امریکی منصوبے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے دو ٹوک انداز میں کہا ہے کہ کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ فلسطینیوں کو ان کے آبائی وطن سے بے دخل کرے۔

انہوں نے واضح کیا کہ غزہ، مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس سمیت پورا فلسطین، فلسطینیوں کا ہے اور وہ ہزاروں سال سے وہاں آباد ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کی تجویز پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ یہ ناقابلِ قبول ہے اور صہیونی دباؤ میں آ کر بنائی گئی امریکی پالیسیوں پر کوئی بات چیت نہیں ہو سکتی۔

رجب طیب اردوان نے حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے میں حماس کے اپنے وعدے پورے کرنے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی رکاوٹوں کے باوجود حماس نے اپنی ذمے داری پوری کی ہے۔

ترک صدر نے شام میں دریافت ہونے والی اجتماعی قبروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ سابق صدر بشار الاسد کی حکومت کے بھیانک جرائم کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عبوری صدر احمد الشرع کی قیادت میں شام جلد استحکام کی طرف بڑھے گا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ شام میں دہشت گرد گروہوں کے لیے کوئی جگہ نہیں اور وہاں کی نئی قیادت دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے بھرپور کارروائی کرے گی۔