بھارت کے شہر احمد آباد کے چڑیا گھر میں پیر کو اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک شخص چیتے کے پنجرے میں کود گیا۔ اِس سے پہلے کے چیتا اُس شخص پر حملہ کرتا، چڑیا گھر کے اسٹاف نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اُس شخص کو پنجرے سے نکال کر پولیس کے حوالے کردیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی وڈیو میں دیکھا جاسکتا کہ یہ شخص پنجرے کی سلاخوں پر چڑھ کر نیم کے ایک درخت کی بڑی شاخ پر بیٹھ گیا تاکہ چیتے سے “ٹاکرا” کرسکے۔ وہاں موجود لوگ یہ منظر دیکھ کر ہیبت زدہ ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی چڑیا گھر کا اسٹاف وہاں پہنچا اور اُس شخص کو بحفاظت نکال لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ 26 سالہ ارون پاسوان شرط جیتنے کے لیے چیتے کے پنجرے میں کودنے کا رسک لیا تھا۔ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ چڑیا گھر کی سیر کو آیا تھا۔ جب ارون پنجرے میں اتر کر چیتے کو للکارنے لگا تو وہاں موجود لوگوں نے خوف کے بارے شور مچانا شروع کردیا۔ انہوں نے ارون سے کہا کہ وہ فوراً پنجرے سے نکل جائے مگر اُس نے ایسا کرنے سے انکار کردیا۔ اس پر عملے نے اُسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا۔