صحافیوں کو بیروزگار کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں،ڈاکٹر سعدیہ

62

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کی صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال، سیکرٹری جنرل شاہد علی، سینئر نائب صدر ناصر شیخ، نائب صدر توصیف احمد، انفارمیشن سیکریٹری عبدالرزاق چشتی ،سینئر صحافی مظہر جاوید و دیگر نے بول نیوز کے پانچ بیورو آفس کوئٹہ، ملتان،فیصل آباد، حیدرآباد اور سکھر میں بند کئے جانے اور صحافیوں کو بیروزگار کئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بول نیوز کی انتظامیہ کا یہ عمل بدنیتی پر مبنی ہے۔ اس سے ان بیورو آفس میں کام کرنیو الے صحافی، کیمرہ مین اور دیگر عملہ بیروزگار ہوا ہے ، موجودہ حکومت اور خاص طورپر وزیرا طلاعات اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور بول ا نتظامیہ کیخلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ جس تیزی سے چینلز اور اخبارات میں صحافیوں اور دیگر ملازمین کو بیروزگار کیا جارہا ہے اس پر حکومت کی مجرمانہ خاموشی قابل افسوس ہے۔ پہلے ہی صحافی معاشی بدحالی کاشکار ہیں اوپر سے اس طرح کے ظالمانہ اقدامات ان کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ انہوںنے وزیراعظم، وفاقی وزیر اطلاعات سمیت دیگر ذ مہ داران سے اپیل کی ہے کہ وہ چینلز اور اخبارات میں کام کرنے والے صحافیوں، کیمرہ مین، فوٹو گرافرز اور دیگر اسٹاف کی ملازمتوں کو تحفظ فراہم کرنے میںاپنا کردار ادا کریںاور اشتہارات کی ادائیگی کو ملازمین کو صحافیوں کی تنخواہوں اور دیگر واجبات کے ساتھ مشروط کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے بڑی تعداد میں اخبارات اور ٹی وی چینلز میں کام کرنے والے صحافیوں اور عملے کو کئی کئی ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئی ہیں جس کے باعث متاثرہ افراد کے گھروں میں نوبت فاقہ کشی تک پہنچ گئی ہے۔