بدین ،ٹماٹروں کی قیمتوں میں کمی،کاشتکاروں کو نقصان کا سامنا

212

بدین (نمائندہ جسارت ) بدین میں ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی کے باعث کاشتکاروں نے کروڑوں روپے کا نقصان۔ تفصیلات کے مطابق بدین میں ٹماٹر 20 روپے فی کلو فروخت ہونے کے باعث کاشتکاروں کی جانب سے فصلوں کی کٹائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اس حوالے سے کسانوں نے اپنے مویشیوں کو ٹماٹر کھلانا شروع کر دیا ہے۔ اس حوالے سے کاشتکار اللہ بچایو ہالیپوٹہ، علی اکبر بھوت، وجیہ الدین گیلانی اور دیگر نے صحافیوں کو بتایا کہ دو ماہ قبل مارکیٹ میں ٹماٹر 200 روپے کلو فروخت ہو رہے تھے، تاجروں نے منڈی میں 10 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کرنا شروع کر دیا ہے۔ بدین شہر میں فروخت کرنے کے لیے کرایہ ادا کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ موجودہ صورتحال کے باعث کاشتکاروں نے ٹماٹر منڈی میں لانا بند کر دیا ہے اور قیمت نہ ملنے سے ٹماٹر کے کاشتکاروں کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے اور وہ قرضوں میں ڈوب گئے ہیں ۔انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹماٹر کی قیمت صفر پر آنے کا نوٹس لے کر کاشتکاروں کو کروڑوں روپے کا معاشی نقصان ہونے سے بچایا جائے۔