کے پی کے حکومت امن وامان قائم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے

113

کندھکوٹ (نمائندہ جسارت)خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف ڈسٹرکٹ پریس کلب کشمور میں مختلف مذہبی سیاسی اور سماجی تنظیمیں، جمعیت علما اسلام (ف) سنی تحریک، پاکستان مسلم لیگ، شہری ایکشن کمیٹی کشمور کے رہنمائوں متولی مرکزی امام بارگاہ کشمور مولوی خالد حسین حافظ محمد حنیف رانا غفار اور حاکم علی بھٹی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا امن و امان قائم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔ کے پی کے کی حکومت خواب خرگوش کے مزے لوٹنے میں مصروف ہے جبکہ عوام اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھا اٹھا کر تھک گئی ہے۔ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے پورے صوبے کے عوام کا جینا اجیرن ہوگیا۔ وزیر اعلیٰ کے پی کے اپنی نااہلی چھپانے کیلئے مختلف کھیل کھیلتا رہتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کے پی کے کی حکومت کی ترجیحات میں عوام کی جان و مال کی حفاظت نہیں بلکہ اپنے بانی کو چھڑوانا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پارہ چنار میں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت شیعہ سنی فساد کرائے جا رہے ہیں جس پر حکومت کچھ نہیں کر رہی اس لیے ہم مطالبہ کرتے ہیں فوری طور پر خیبرپختونخوا کی حکومت کو ہٹھا کر عوام کیلئے آسانی پیدا کی جائے۔