لزبن (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مزید مضبوط تعلقات کے لیے کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ وزیر خزانہ نے پرتگال میں برطانوی پارلیمانی انڈر سیکرٹری آف اسٹیٹ برائے مشرق وسطیٰ، پاکستان اور افغانستان ہمیش فالکنر سے ملاقات کی۔ فریقین نے پاکستان میں توانائی، معدنیات اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں جو باہمی اعتماد اور روابط پر مبنی ہیں۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں پاکستانی تارکین وطن کے ذریعے عوامی رابطوں کے کردار کو بھی سراہا گیا۔