قومی ٹیلنٹ دیکھ کر بھارت بھی ایک روز پاکستان آکر کھیلنے پر مجبور ہوگا،رانا مشہود

63

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے کہا ہے کہ سیاسی نہیں بلکہ عملی طور پر قومی کھیل کے لیے اقدامات کررہے ہیں، وزیراعظم نے 2025 کو ہاکی کی بحالی کا سال قرار دے رکھا ہے جبکہ ہمارا ٹیلنٹ دیکھ کر بھارت بھی ایک دن پاکستان آکر کھیلنے پر مجبور ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں کرکٹ کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل ہاکی میلے کی تیاریاں بھی جاری ہیں، جرمن اور ہالینڈ کے معروف ہاکی کلبز 11 فروری کو لاہور پہنچیں گے جبکہ وزیراعظم کی ہدایت پر یوتھ پروگرام کی ٹیم بھی ایکشن میں ہوگی۔ لاہور میں ٹیم کے انتخاب کے لیے جوہر ٹاؤن ہاکی اسٹیڈیم میں ٹرائلز ہوئے، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے ٹرائلز کی نگرانی کی، ٹرائلز میں چاروں صوبوں سے 250 سے زاید نوجوان کھلاڑیوں کی شرکت کی، اسلام آباد اور گلگت کے کھلاڑی بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے پہنچے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے اور چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے وژن کے تحت نوجوانوں کو ہر شعبے میں آگے لارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو انتشار کے بجائے آگے بڑھنے کا موقع دینے سے ملک ترقی کرے گا، سیاسی نہیں بلکہ عملی طور پر قومی کھیل کے لیے اقدامات کررہے ہیں، بھارت بھی ایک دن پاکستان آکر کھیلنے پر مجبور ہوجائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں انٹرنیشنل ہاکی کھلاڑیوں کی آمد پربہت خوشی ہے، ہاکی کے نوجوان کھلاڑیوں کو غیر ملکیوں سے کھیلنے کا موقع دے رہے ہیں جبکہ خواجہ جنید فوکل پرسن اور پرویز سنڈھیلا یورپین ہاکی کوآرڈینیٹر ہیں۔