کو لمبو( مانیٹر نگ ڈ یسک )سری لنکا میں اتوار کی صبح پورے ملک میں بجلی کی فراہمی بند ہوگئی جس کا ذمے دار ایک بندر کو ٹھہرایا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا میں ساڑھے 11 بجے کے قریب بجلی کا بریک ڈاؤن شروع ہوا جو کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ اس دوران شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اسپتالوں کو ایمرجنسی میں جنریٹرز پر منتقل ہونا پڑا۔حکام کے مطابق بجلی کا بریک ڈاؤن جنوبی کولمبو میں واقع سیلون الیکٹریسٹی بورڈ کے گرڈ اسٹیشن میں خرابی کے باعث ہوا۔سری لنکن حکام کا کہنا ہے کہ 3 گھنٹے کی کوشش کے بعد ملک کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی ہے جب کہ مکمل بحالی کے لیے انجینئرز اور دیگر عملہ کام میں مصروف ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سری لنکا کے وزیر توانائی کمارا جیاکوڈے نے ملک بھر میں بجلی کی ترسیل میں تعطل کا ذمے دار ایک بندر کو ٹھہرایا ہے۔سری لنکا کے وزیر توانائی کا کہنا ہے کہ ایک بندر گرڈ اسٹیشن میں گھس گیا تھا جس کی وجہ سے وہاں خرابی پیدا ہوئی اور بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔بندر کے حوالے سے مزید کوئی اور تفصیل فوری طور پر سامنے نہیں آئی ہے۔خیال رہے کہ 2022 ء میں شدید معاشی بحران کے دوران تیل کی قلت کے باعث سری لنکا کو بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑا تھا۔