پاکستان ریاض میں ہونے والی لیپ کانفرنس میں بھی شرکت کرے گا،جام کمال

408
سید مسرت خلیل جام کمال

جدہ (سید مسرت خلیل) پاکستان کے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ جدہ میں میڈ ان پاکستان ایگزیبشن کے بعد پاکستان ریاض میں ہونے والی لیپ کانفرنس میں بھی شرکت کررہا ہے۔ وہ جمعرات کی شام کوجدہ انٹرنیشنل ایگزیبیشن اینڈ کنونشن سینٹرمیں نمائندہ جسارت سے خصوصی گفتگو کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا لیپ کانفرنس میں پاکستان کے آئی ٹی منسٹراورکمپنیوں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ وفاقی وزیرتجارت نے بتایا کہ میڈ ان پاکستان ایگزیبشن میں بہت اچھا رسپانس ملا۔ سعودی اداروں اورکمپنیوں کا بڑا تعاون رہا ۔ سعودی کمیونٹی کے افراد نے افتتاحی تقریب میں بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نمائش کے اختتام کے بعد پتا چلے گا کہ کتنے لوگوں نے وزٹ کیا، کس سیکٹر سے کتنے لوگ آئے اور کتنے مفاہمت کتنی یاد داشتوں (ایم او یو) پر دستخط ہوئے۔ انھوں نے کہا میری جدہ چیمبر کے عہدیداروں سے ملاقات ہوئی ہے، ان کی طرف سے بھی مثبت رسپانس ملا ہے۔ ان رابطوں کے نتیجے میں اب سعودی وفد کے آئندہ دورہ پاکستان کے لیے ہم بہت زیادہ فوکس انداز میں کام کر سکیں گے۔ جام کمال خان نے بتایا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہم نے بی ٹو بی (بزنس ٹو بزنس) جو بات چیت کی اس میں 28 ایم او یوز پردستخط ہوئے جن میں آٹھ میٹریلائز ہو چکے ہیں جن کی مالیت 600 ملین یو ایس ڈالر کے قریب ہے جبکہ دیگر کو بھی آپ فائنل سمجھیں۔ جب ایم یوز فائنلائز ہو جائیں گے تو ان کی مالیت 2.8 ارب یو ایس ڈالرز کے قریب ہوگی۔ ‘
انھوں نے اس بات پرخوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی وفود کا پاکستان آنا اور ہمارے بزنس مینوں کا ایک دوسرے کے ساتھ ملنا مجموعی طور پر یہ خوش آئند ہے۔ آنے والے مہینوں میں آپ بہتری ہی دیکھیں گے۔ سعودی عرب میں جاری مییگا پروجیکٹ میں شراکت کے حوالے سے سوال پر وزیر تجارت کا کہنا تھا ’پاکستانی کمپنیوں نے سعودی کمپنیوں کے ساتھ ایم او یوز پر دستخط کیے ہیں۔ ہماری آخری بی ٹو بی میٹنگ اسلام آباد میں ہوئی تھی۔ تعمیراتی شعبے اور ریئل سٹیٹ ڈیولپمنٹ میں دلچسپی لی گئی تھی، پاکستان کی بڑی تعمیراتی کمپنیاں پہلے ہی سعودی عرب میں کام کر رہی ہیں۔ انھوں نے کہا وزیرآعظم پاکستان محمد شہبازشریف کی کوششوں سے پاکستان مسلسل ترقی کی طرف گامزن۔ ہمیں اس وقت قومی یکجیتی کی بےپناہ ضرورت ہے۔