پی ٹی آئی میں اختلافات شدت اختیار کرگئی، صوابی جلسے میں رہنماؤں کے درمیان لفظی گولہ باری

160

صوابی: تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے، صوابی میں ہونے والے جلسے کے دوران شیر افضل مروت اور سلمان اکرم راجہ میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جبکہ اسٹیج پر مخالف نعرے بھی لگائے گئے۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق 8 فروری کو صوابی میں ہونے والے جلسے میں پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات واضح نظر آئے،شیر افضل مروت نے اسٹیج پر مخالف نعرے لگوائے تو سلمان اکرم راجہ نے انہیں روکنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ “کوئی بدتمیزی نہیں ہوگی”۔

دوسری جانب جلسے میں کارکنان کی کم حاضری پر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر خان نے رپورٹ طلب کرلی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ناراضی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ “عمران خان نے ملاقات میں ناراضی والی کوئی بات نہیں کی، البتہ ان کے دل میں کیا ہے، اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔”

تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات کھل کر سامنے آنے کے بعد پارٹی کی قیادت کے لیے ان اختلافات کو ختم کرنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔